بِسْـــــــــــــــــــــــمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
وَعَلَيــْـــــــكُم السَّــــــــلاَم وَرَحْمَــــــــــةُاللهِ وَبَرَكـَـــــــــاتُه
تحریر: مسزانصاری
بچے کے نام رکھنے سے متعلق کچھ غلط العوام باتیں دیکھنے میں آتی ہیں ، جیسے بچہ کی صحت و عادات پر عدم اطمینان والدین کو اس کا نام تبدیل کرنے پر رغبت دلاتا ہے ، نیز لوگ ناموں کے معنی کو شخصیت پر اثر انداز سمجھتے ہیں کہ اعلیٰ نام بچے کو بلندی اور شہرت دیں گے ، اسی طرح کسی بچے کی موت پر اگلے بچے کا نام فوت شدہ بچے کے نام پر رکھنے سے گریز کیا جاتا ہے اور یہ عقیدہ رکھا جاتا ہے کہ زندہ بچہ موت کے منہ میں جا سکتا ہے ۔
ان خیالات کے پیش نظر میں یہ کہنا چاہوں گی کہ اچھے نام بلا شبہ قیمتی جوہر ہیں ، نیز نام تبدیل کرکے اچھا نام رکھنا بھی اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے ، تاہم اس کا شخصیت و کردار پر اثر انداز ہونا کوئی یقینی اور حتمی بات نہیں ہے ۔ نام کا اثر بچے کی شخصیت پر ہونا اللہ کی قدرت کے بغیر ممکن ہی نہیں ہو سکتا ۔
نام کے بارے میں نبویﷺ حکم صرف اتنا ہے کہ نام اگر برا ہو تو اسے بدل دینا چاہئے۔ ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم (کا طریقہ یہ تھا کہ) برے نام کو بدل دیا کرتے تھے۔
(ترمذی، الادب، ما جاء فی تغییر الاسمائح، 2839)
سیدنا ابو درداء فرماتے ہیں کہ نبی کریم نے فرمایا:
"إنكم تدعون يوم القيامة بأسمائكم وأسماء آبائكم فأحسنوا أسماءكم"(ابو داود:)
تمہیں قیامت کے دن تمہارے اور تمہارے باپوں کے ناموں سے پکارا جائے گا،لہذا تم اپنے نام اچھے اچھے رکھا کرو۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نام بدلنے کی وجہ انسان کی صحت و عافیت یا معاشرے میں اسکے رتبے اور بزرگی سے تعلق نہیں رکھتی بلکہ نام بدلنے کی وجہ انکا غیر شرعئی ہونا ہے ۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:
(تَسَمَّوْا بِأَسْمَاءِ الأَنْبِيَاءِ ، وَأَحَبُّ الأَسْمَاءِ إِلَى اللَّهِ عَبْدُ اللَّهِ وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ ، وَأَصْدَقُهَا حَارِثٌ وَهَمَّامٌ ، وَأَقْبَحُهَا حَرْبٌ وَمُرَّةُ)
"تم انبیاء کے ناموں جیسے نام رکھو۔ اللہ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمٰن ہیں۔ سب سے سچے نام حارث (محنت کار/کاشت کار) اور ہمام (سردار) ہیں۔ اور بدترین نام حرب (جنگ/لڑائی) اور مرہ (سختی/کڑواہٹ) ہیں۔"
(ابوداؤد، الادب، فی تغییر الاسماء، ح: 4990، اس میں عقیل بن شبیب مجہول راوی ہے تاہم یہ حدیث معنی کے اعتبار سے بالکل صحیح ہے کیونکہ دوسری حدیث میں ہے: (ان احب اسماءكم الى الله عبدالله و عبدالرحمٰن) (مسلم، الادب، النھی عن الکتنی بابی القاسم ۔۔ح: 2132)
کچھ ناموں سے بچنا ہمیں حکم دیا گیا ہے ، ان ناموں سے مراد ایسے نام ہیں جن میں عقائد بد اور غیر شرعئی نظریات شامل ہوں جو عقیدہ خالص کو مجروح کر رہے ہوں جیسے ، نبی بخش ، عبدالنبی اور عبدالرسول وغیرہ ۔ اور ایسے ناموں سے بھی بچنا چاہیے جو فخر و غرور اور بڑائی کا اظہار کرتے ہیں ، جیسے ملک الاملاک یا شہنشاہ وغیرہ ، یہ نام بدترین ناموں میں شمار کیے جاتے ہیں
لہٰذا اے سائل بھائی ، بیماریاں ناموں کی وجہ سے نہیں آتیں ۔ ناموں کا اثر انسان کے مزاج اور صحت و عافیت پر نہیں ہوتا بلکہ نا پسندیدہ حالات سے دوچار ہونا اللہ تعالیٰ کی مشیت ہے ، لوگوں کا ناموں کو بیماریوں کا مئوجب ٹہیرانا نہایت بد عقیدگی ہے ، شاید انسان جب نام پر گمان لگا دیتا ہے تو اللہ بھی اسے آزمائش کی خاطر اس طرف ہی لگا دیتا ہے ، اس لیے ایسے خیالات سے بچیے ، نام بدلنا بچے کے امراض کا حل نہیں ہے ، بہترین بات یہ ہے کہ آپ بچے پر مسنون اذکار کا دم کرتے رہیے ، بچے معصوم ہوتے ہیں اور جلد شیطان کے شکنجے میں آجاتے ہیں ، یہ ہم والدین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ جب تک بچہ مکلف نہیں ہوجاتا اور سن بلوغت کو نہیں پہنچ جاتا اس کے بارے میں احتیاط لازم رکھیں ، جیسے مغرب کے وقت بچے کو باہر نکلنے سے روکیے ، مغرب کے وقت شیاطین زمین پر پھیل جاتے ہیں اور گھروں سے باہر آوارہ پھرنے والے بچوں کو طرح طرح کی تکلیفوں میں مبتلا کر دیتے ہیں ، صبح شام اذکار مسنونہ بچے پر پڑھیے ، گھر میں ہر روز یا ہر تین روز سے سورہ البقرہ کی تلاوت کیجیے ، بچہ اگر بول سکتا ہے تو اسے مختصر اذکار سکھا دیجیے ، جیسے کھانے سے پہلے بسم اللہ سونے سے پہلے دعا وغیرہ ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کے بچے پر اپنی خاص رحمت نازل فرمائے ، اللہ تعالیٰ آپکے بچے کو تمام شیاطین جن و انس کے شرور سے محفوظ فرمائے ، اللہ تعالیٰ آپکے بچے کو تمام روحانی اور جسمانی بیماریوں سے دائمی شفاء عطا فرمائے ۔
اللهم آمين آمين يارب انت الحي الذي لا يموت أبداً
وَبِاللّٰہِ التَّوْفِیْقُ
ھٰذٙا مٙا عِنْدِی وٙاللہُ تٙعٙالیٰ اٙعْلٙمْ بِالصّٙوٙاب
وَالسَّــــــــلاَم عَلَيــْـــــــكُم وَرَحْمَــــــــــةُاللهِ وَبَرَكـَـــــــــاتُه
ALQURAN O HADITHS♥➤WITH MRS. ANSARI
اِنْ اُرِیْدُ اِلَّا الْاِصْلَاح مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللّٰہِ
وَصَلَّی اللّٰہُ عَلٰی نَبِیَّنَا مُحَمَّدٍ وَآلِہ وَصَحْبِہ وَسَلَّمَ وعلى آله وأصحابه وأتباعه بإحسان إلى يوم الدين۔ ھٰذٙا مٙا عِنْدِی وٙاللہُ تٙعٙالیٰ اٙعْلٙمْبِالصّٙوٙاب
Post a Comment