Can we take a loan from someone and go for Umrah?
کیا کسی سے قرض لے کر عمرہ کی سعادت کے لیے جا سکتے ہیں۔؟
مسلمان کے لئے حج وعمرہ کے فریضے کی ادائیگی کے لیے خواہش کرنا بتقاضہ مسلمان ایک فطری اور مستحسن امر ہے ، لیکن اس کے لئے بہتر یہی ہے کہ وہ اللہ سےاس کی توفیق طلب کرے اور جائز اسباب اپناکر محنت ومشقت کے ذریعہ مال اکٹھا کرے اور اللہ کے گھر کا سفر کرے مگر اس کام کے لئے استطاعت نہ ہونے کے باوجود مشقت مول لیناصحیح نہیں ہے کیونکہ حج وعمرہ اللہ کی جانب سے ان لوگوں پر فرض ہے جنہیں اللہ تعالی نے آسانی کے ساتھ بیت اللہ کا سفر کرنے کی طاقت دی ہو۔
بہتر یہی ہے کہ قرض نا لے کیونکہ اگر مسلمان صاحبِ استطاعت نہ ہو اور وہ بغیر حج و عمرہ کے وفات پاجائے تو بروز قیامت اسکی کوئی گرفت نہیں ہوگی لیکن ادھار لےکر حج و عمرہ ادا کرنے والا بغیرقرض ادا کیے وفات پا گیا تو مرنے کے بعد اس کی گرفت ہوسکتی ہے،شریعت میں قرض کے بارے میں سخت وعید ہے
چنانچہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا :
’’یُغْفَرُ لِلشَّہِیدِ کُلُّ ذَنْبٍ إِلَّا الدَّیْنَ‘‘’’شہید کے تمام گناہ معاف کردئے جاتے ہیں مگر قرض معاف نہیں کیا جاتا ‘‘[صحیح مسلم :۱۸۸۶]
اسی طرح آپﷺنے فرمایا:
’’نَفْسُ المُؤْمِنِ مُعَلَّقَۃٌ بِدَیْنِہِ حَتَّی یُقْضَی عَنْہُ‘‘
’’(قرض دار)مومن کا نفس لٹکا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کی طرف سے قرض کی ادائیگی کردی جائے‘‘
[سنن ترمذی:۱۰۷۸، سنن ابن ماجہ:۲۴۱۳]
ابن عثیمین رحمہ اللہ سے سوال کیا گیا کہ بعض لوگ جس کمپنی میں جاب کرتے ہیں اسی کمپنی سے حج کرنے کے لئے قرض لیتے ہیں ، پھر ان کی تنخواہ سے وہ قرض قسطوں میں کاٹ لیا جاتا ہے ، تو اس معاملہ کے سلسلے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
آپ رحمہ اللہ نے جواب دیا: میرا خیال ہے کہ وہ شخص ایسا نہ کرے، کیونکہ اگر کوئی مقروض ہے تو اس پر حج واجب ہی نہیں ہوتا تو قرض لے کر کیسے حج کر سکتا ہے؟سو میری رائے یہ ہے کہ وہ حج کے لئے قرض نہ لے ، کیونکہ ایسی صورت میں حج اس پر واجب ہی نہیں ہے، اس کے لئے بہتر یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رخصت و رحمت کو قبول کرے ، اور اپنے سر پر قرض کا بوجھ نہ لے پتہ نہیں اسے ادا کرنے کی مہلت ملے یا نہ ملے؟ہو سکتا ہے کہ قرض کی ادائیگی سے پہلے اسے موت آجائے اور قرض اس کے ذمہ باقی رہ جائے۔
[مجموع فتاویٰ الشیخ ابن عثیمین:۲۱؍۹۳]
فقط واللہ تعالیٰ اعلم
ALQURANO HADITHS♥➤WITHMRS. ANSARI اِنْ اُرِیْدُ اِلَّا الْاِصْلَاح مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللّٰہِ
وَصَلَّی اللّٰہُ عَلٰی نَبِیَّنَا مُحَمَّدٍ وَآلِہ وَصَحْبِہ وَسَلَّمَ وعلى آله وأصحابه وأتباعه بإحسان إلى يوم الدين۔
ھٰذٙا مٙا عِنْدِی وٙاللہُ تٙعٙالیٰ اٙعْلٙمْ بِالصّٙوٙاب
Post a Comment