اللہ نے توفیق دی تو ہم داڑھی رکھ لیں گے نماز پڑھ لیں گے
میرا سوال یہ ہے کہ ہم کہتے کہ اگر اللہ نے توفیق دی تو ہم داڑھی رکھ لیں گے نماز پڑھ لیں گے وغیرہ تو کیا ایسا کہنا اور عمل کرنا دین میں ہے۔
رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ
۔----------------------------
وَعَلَيْكُمُ السَّلاَمُ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ
سلام درست لکھا کریں برادر ، اس انداز سے آپ مجھ پر اسلام پیش کر رہے ہیں ۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ توفیق اور ہدایت منجانب اللہ ہوتی ہے ۔ انسان کی ہدایت اور گمراہی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہوتی ہے ۔ فرمان باری تعالی ہے:
ذَلِكَ هُدَى اللَّهِ يَهْدِي بِهِ مَنْ يَشَاءُ وَمَنْ يُضْلِلِ اللَّهُ فَمَا لَهُ مِنْ هَادٍ
ترجمہ: یہ اللہ کی ہدایت ہے، وہ جسے چاہتا ہے اس کے ذریعے راہ راست پر لے آتا ہے اور جسے اللہ گمراہ کر دے اسے کوئی راہ پر لانے والا نہیں۔ [الزمر: 23]
انسان ہر قسم کی حاجات اور تکالیف کے ازالے کے لیے اللہ ہی کو پکارتا ہے ، اسی سے دعا کرتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ ہدایت صرف اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے ، تاہم انسان اس بات کا پابند ہے کہ وہ ہدایت کے اسباب اپنائے ، اگر وہ پنج وقتہ نماز کی پابندی کے لیے دعا کرتا ہے تو اسباب کے تحت اسے ہر صورت نماز کے لیے مسجد میں حاضر ہونا چاہیے تاکہ اللہ تعالیٰ اسے نماز کی پابندی کی توفیق عطا فرمائے ، اور جب انسان حقیقی اسباب اپناتا ہے اور اس بات کا بھی خصوصی اہتمام کرتا ہے کہ اللہ تعالی اسے مکمل ہدایت سے نوازے تو اللہ تعالی کی جانب سے اسے مکمل کامیابی ملتی ہے ۔
جس طرح ہر شخص کا رزق لکھا ہوا ہے لیکن اسباب کے لیے ہر شخص کسبِ معاش کے لیے تگ و دو کرتا ہے ، یہ نہیں کرتا کہ گھر بیٹھا رہے اور کہے کہ اللہ تعالی نے میرے لیے رزق لکھ دیا ہے تو وہ رزق اب مجھ تک پہنچ کر رہے گا، بلکہ حصول رزق کے اسباب اپناتا ہے کیونکہ رزق کا معاملہ انسان کی کاوش اور محنت سے منسلک ہے ۔ بلکل اسی طرح عمل صالح اور بد اعمال بھی لکھ دئیے گئے ہیں ، تو انسان کو چاہیے کہ جس طرح اپنے رزق کی تلاش میں وہ اسباب اختیار کرتا ہے تو اخروی نجات کے لیے بھی اعمالِ صالحات کے لیے اسباب اختیار کرے ۔ بغیر محنت کیے کچھ حاصل نہیں ہوتا ، کوئی قفل بلا حرکت کے نہیں کھلتا
فتح قفل ارچہ کلید است اے عزیز
جنبش از دست تو می خواہند نیز
عزیز من! قفل اگرچہ کنجی ہی سے کھلتا ہے لیکن تمہارے ہاتھ کی حرکت بھی تو ضروری ہے۔
: مسزانصاری
فقط واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
ALQURAN O HADITHS ➤WITH MRS.ANSARI
ھذا, واللہ تعالى أعلم, وعلمہ أکمل وأتم ورد العلم إلیہ أسلم والشکر والدعاء لمن نبہ وأرشد وقوم , وصلى اللہ على نبینا محمد وآلہ وسلم
(اِنْ اُرِیْدُ اِلَّا الْاِصْلَاح مٙا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللّٰہِ وَصَلَّی اللّٰہُ عَلٰی نَبِیَّنَا مُحَمَّدٍ وَآلِہ وَصَحْبِہ وَسَلَّمَ وعلى آله وأصحابه وأتباعه بإحسان إلى يوم الدين۔ ھٰذٙا مٙا عِنْدِی وٙاللہُ تٙعٙالیٰ اٙعْلٙمْ بِالصّٙوٙاب وٙالسَّـــــــلاَمُ عَلَيــْــكُم وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكـَـاتُه)
Post a Comment