?Is Islam 360 an authentic app
بِسْـــــــــــــــــــــــمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
السَّــــــــلاَم عَلَيــْـــــــكُم وَرَحْمَــــــــــةُاللهِ وَبَرَكـَـــــــــاتُه
✍ تحریر: مسزانصاری
ماضی سے سفر کرتے کرتے آج کے دور میں داخل ہونے والا ہر طبقہ جانتا ہے کہ دنیا کل کیا تھی اور آج کیا ہے ؟ کل اگر سِل بٹا آپکے کھانوں کے لیے مصالحے پیسنے میں آپکو ایک گھنٹہ ہلکان کرتا تھا تو آج گرائینڈر انگلی کی جنبش سے ایک منٹ میں آپکو ساری چیزیں پیس کر دے دیتا ہے ۔ اسی طرح کل آپ گھنٹوں کے دورانیے میں اپنی بکس شیلف ارینج کیا کرتے تھے تو آج ون کلک پر آپ کو آپکا موبائل آفس ہزاروں کتابیں الفابیٹیکل مہیا کر دیتا ہے ۔ ادوار کے مختلف رنگوں کے بعد آج ہمیں اس دور کا جو رنگ ملا ہے اس میں ایجادات کی بھرمار ہے ۔ یہ ایجادات انسانوں کے لیے مفید ہیں تو ان کا نقصان بھی اسکے ساتھ ساتھ ہی موجود ہوتا ہے جسے باشعور اور فکرو تدبر کرنے والے بخوبی جان جاتے ہیں ، یہ ایجادات ہر طبقہ کے لیے مستعمل ہیں ، ویسے تو ہر ایجاد اسکی کیٹیگری کے لیے ہی کشش رکھتی ہے اور استعمال کی جاتی ہے لیکن موبائل اور انٹرنیٹ وہ ایجادات ہیں جس سے ہر خاص و عام ، تعلیم یافتہ ، جاہل ، عالم اور عامی بھرپور فائدہ اٹھارہا ہے ۔
انٹرنیٹ اور موبائل میں بنی کچھ ایپلیکیشنز بلا شبہ دین کی خدمت کر رہی ہیں ، ہزاروں لاکھوں لوگ ان دینی ایپلیکیشنز سے فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ انہیں ایپلیکیشنز میں ایک ایپلیکیشن اسلام 360 کے نام سے اشخاص کی ایک کثیر تعداد واقف ہے ، اور دینی گروپس اور دینی شعبوں سے منسلک تقریبًا ہر شخص کے موبائل میں یہ ایپ انسٹال ہے ۔ اور اس میں کوئی شک بھی نہیں کہ یہ ایپ ایک مفید ایپ ہے جس میں احادیث اور قرآن کی معلومات یکجا کی گئی ہیں ۔ جہاں تک میری معلومات کا تعلق ہے تو اس ایپ میں قرآن کریم کی 4 بڑی تفاسیر اور تقریبًا 64 ہزار احادیث مبارکہ شامل کی گئی ہیں ، اندازے کے مطابق دنیا کے 177 ممالک میں اب تک21 لاکھ افراد اس ایپ " اسلام 360 ‘‘ کو ڈائون لوڈ کر چکے ہیں۔
بنانے والے نے تو یہ سوفٹ وئیر یقینًا اللہ کی رضا کے لیے اور دین کی خدمت کے لیے بنایا ہوگا اور بلا شبہ یہ دینی کاوش بہترین اور نفع بخش بھی ہے ، تاہم اسے حرفِ آخر سمجھ لینا درست نہیں ۔ بہت سے لوگ اسکی تحقیق پر سر بکف ہو جاتے ہیں کہ حدیث کا جو اسٹیٹس اس ایپ نے دے دیا وہ پتھر پر لکیر ہے ، ایسے ہی لکیر کے فقیر اپنی بے وقوفی سے صحیح تحقیق سے محروم ہو کر ضعیف حدیث پر خود بھی عمل کرتے ہیں اور لوگوں کو بھی عمل کی ترغیب دیتے ہیں ، مثال کے طور پر اگر کسی حدیث کو بیشتر محدثین نے صحیح قرار دیا اور ایک ہی محدث نے اسکی تضعیف کی اور اس ایپ میں اسی ایک محدث کی تضعیف اسٹیٹس میں بیان کر دی گئی تو لوگ اس حدیث کی صحیح صحت سے محروم ہوجاتے ہیں ، اکثر احادیث جنکی تضعیف یا صحیح سے محقق نے رجوع کر لیا ہوتا ہے لیکن اسکا رجوع اس ایپ کے اسٹیٹس میں بیان نہیں ہوتا ، جیسے بعض احادیث کو زبیر علی زئی رحمہ اللہ نے ضعیف قرار دیا ہوتا ہے لیکن شواہد کی بنیاد پر دوسرے محدثین اس حدیث کو مستحسن قرار دے دیتے ہیں لیکن اس ایپ میں زبیر علی زئی رحمہ اللہ کا بیان کردہ اسٹیٹس دے دیا جاتا ہے ۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ سوفٹ وئیر بنانے والوں نے یہ مفید ایپ بنا کر یہ کہیں دعویٰ نہیں کیا کہ یہ خطاوں سے پاک ایپ ہے اور احادیث اختیار کرنے میں اسے حرفِ آخر سمجھا جائے ، اس ایپ سے فائدہ اٹھانے کے باوجود احادیث کی تحقیق کے لیے مستند کتب حدیث کو ترجیح دی جائے ۔ احادیثِ صحیحہ اور ضعیفہ سے مدد لی جائے ، نیز مستند علماء کی کتابوں سے تحقیق کا عمل پورا کیا جائے ۔
دارالافتاء دارالعلوم دیوبند سے سوال پوچھا گیا
ایک موبائل ایپ "اسلام 360" ہے جس میں قرآن و حدیث اردو ترجمہ کے ساتھ ہیں اور ہر حدیث کی صحت بھی بتائی گئی ہے ۔ کیا یہ موبائل ایپ قابل اعتبار ہے ؟
دارالافتاء کا جواب تھا
ہم اس ایپ سے واقف نہیں ہیں، بہتر یہ ہے کہ اسلامی معلومات ایسی کتابوں سے حاصل کی جائیں جن کے مصنف معلوم و مشہور ہوں اور علمی حلقے میں معتبر ہوں
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
۔Fatwa:1001-846/sd=11/1440
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :172185
تاریخ اجراء :Jul 29, 2019
لہٰذا میرا ذاتی نظریہ یہ ہے کہ یہ ایپ بلاشک نہایت مفید ایپ ہے لیکن اسے احادیث کی تحقیق کے ضمن میں حرفِ آخر نہیں سمجھنا چاہیے ۔ ایسا نہ ہو کہ محدثین کی صحیح قرار دی گئی کسی حدیث پر آپ اس ایپ پر اکتفا کر کے بحث کا میدان گرما دیں کہ یہ ضعیف حدیث ہے ، جبکہ مصادر میں علماءکرام اسکو حسن قرار دے چکے ہوں ۔ یا کسی صحیح حدیث کے احکام اختیار کر بیٹھیں جبکہ مستند مصادر میں اسکی تضعیف ثابت کر دی گئی ہو ۔
اکثر ایک سند سے تضعیف کی گئی حدیث اسلام 360 میں بیان کر دی جاتی ہے جبکہ باقی سندوں سے وہ حسن ہوتی ہے ۔
اللہ تعالیٰ ہمیں دین کی باریکیوں پر تدبر کرنے اور سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
اللھم انصر الاسلام والمسلمین
آمین ثم آمیــــــــــــــن یارب العالمین
اِنْ اُرِیْدُ اِلَّا الْاِصْلَاح مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللّٰہِ))
جزاكم الله عني خير الجزاء وبارك الله فيكم ونفع بكم
ھٰذٙا مٙا عِنْدِی وٙاللہُ تٙعٙالیٰ اٙعْلٙمْ بِالصّٙوٙاب
وَالسَّــــــــلاَم عَلَيــْـــــــكُم وَرَحْمَــــــــــةُاللهِ وَبَرَكـَـــــــــاتُه
Post a Comment